
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا نے کینیڈا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈیلس میں کھیلے جارہے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
ٹاس کے موقع پر امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے، ہدف کو حاصل کریں گے، پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔
دوسری جانب کینیڈین کپتان سعدظفر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، پہلے بیٹنگ کرنےمیں کوئی مسئلہ نہیں، یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں،اس لیے دباؤ رہے گا، پر اعتماد ہیں ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
کینیڈا کے کپتان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے تاریخی دن ہے، پہلی بار ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں،امید ہےجیت جائیں گے۔
ٹاس کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مختصر سی افتتاحی تقریب بھی ہی جس میں گراؤنڈ میں کینیڈا اور امریکا کے پرچم کے ساتھ قومی ترانے بجائے گئے اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔